الجزیرہ بند نہ ہوا، سعودی عرب نے قطر کی ناکہ بندی ختم کر دی
کویت کے وزیر خارجہ شیخ احمد الصباح نے کہا ہے کہ سعودی عرب قطر کے ساتھ اپنی بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھول رہا ہے۔
واضح رہے کہ قطر پر انتہا پسند گروپوں کی حمایت اور الجزیرہ کے ذریعے عرب ممالک کی بادشاہتوں کے خلاف خبریں نشر کرنے کے الزام پر جون 2017 میں سعودی عرب، امارات اور مصر نے قطر کا بائیکاٹ شروع کیا تھا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی عرب نے قطر کے ساتھ سرحدیں کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔
شیخ احمد الصباح نے کہا کہ ’امیر کویت کی تجویز پر سعودی عرب اور قطر کے مابین فضائی، زمینی اور بحری سرحدی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ معاملہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد سے کویتی وزیر خارجہ کے ٹیلیفونک رابطوں کے نتیجے میں طے پایا ہے‘۔
یہ فیصلہ سعودی عرب میں منگل کو العلا میں خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) سربراہی اجلا س کے موقع پر کیا گیا ہے جس کی صدارت شاہ سلمان بن عبدالعریز کریں گے۔
ادھر قطر کے ایوان شاہی نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو سعودی عرب میں ہونے والے خلیجی سربراہ اجلاس میں قطری وفد کی قیادت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد کریں گے۔
فیصلے سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ خلیجی سربراہ اجلاس اتحاد و اتفاق اور خوشحالی لائے گا۔

