پاکستان24

بیرون ملک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کو ایک اور بدترین شکست

جنوری 6, 2021

بیرون ملک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کو ایک اور بدترین شکست

پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اوربدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں گرین کیپس کو ایک اننگز اور 176 رنز سے شکست دے دی ہے۔

نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔

دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام ہو گئے اور پوری ٹیم 186 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اظہر علی اور ظفر گوہر 37، 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ فہیم اشرف نے 28، عابد علی نے 26 ، فواد عالم نے 16، حارث سہیل نے 15 اور محمد رضوان نے 10 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے 6 اور ٹرینٹ بولٹ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کین ولیمسن کے حصے میں بھی آئی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز چھ وکٹوں کے نقصان پر659 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی اور کیوی ٹیم کو پاکستان پر 362 رنز کی برتری حاصل  تھی۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی اوپنرز نے مایوس کن آغاز کیا اور شان مسعود سیریز میں تیسری بار بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔

ٹیسٹ سیریز کی چار اننگز میں پاکستان کی جانب سے صرف ایک سینچری سکور کی گئ جو فواد عالم نے بنائی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے