علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم، میشا شفیع عدالت طلب
Reading Time: < 1 minuteصوبہ پنجاب میں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے مبینہ جنسی ہراسیت کے معاملے پر علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کو 10 اپریل کو طلب کیا ہے۔
ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے کیس کی سماعت کی۔
میشا شفیع نے 2018 میں گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جسے علی ظفر نے مسترد کیا تھا۔
گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے ان کے وکیل اسد جمال عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ’میشا شفیع ملک سے باہر ہے۔ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔‘
مجسٹریٹ نے ریمارکس دیے کہ ’میشا شفیع نے تاحال نہ ضمانت کرائی ہے نہ وہ گرفتار ہے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے۔‘
میشا شفیع کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’ایف ائی اے نے کوئی وارنٹ گرفتاری یا نوٹس نہیں بھیجا اس لیے ضمانت نہیں کرائی۔‘
وکیل نے بتایا کہ میشا شفیع ایف آئی اے کی تفتیش میں شامل ہو چکی ہے۔
عدالت نے میشا شفیع اور دیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بحث 10 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔
عدالت نے میشا شفیع کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ایف ائی اے سے بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔