شادیوں پر پابندی اور ماسک نہ لگانے والوں کو چھ ماہ کی قید
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں صوبہ پنجاب کی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے حکام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ میں شدت کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے میں سختی کی جائے اور خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی مشیر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ماسک نہ پہننے والوں کو چھ ماہ قید ہوگی۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنیٹر نے پانچ اپریل سے شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کا ارکان کیا ہے۔
اتوار کو سینٹر کے خصوصی اجلاس کے بعد اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہر قسم کے اجتماعات پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ شہروں کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے چند دنوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے بڑھتے کورونا کیسز اور این سی او سی کی ہدایات پر فیصلہ کرتے ہوئے یکم اپریل سے ہر قسم کی مارکیز اور شادی ہالز کے اندر اور باہر تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سپورٹس ٹورنامنٹ، سوشل تقریبات، کلچرل تقریبات اور مذہبی تقریبات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شب برات کے موقع پر H-8 اور H-11 قبرستان میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر پابندی ہوگی اور میت کی تدفین کی اجازت ایس او پیز کے ساتھ دی جائے گی۔