پاکستان24 عالمی خبریں

نہر سویز کو بند کرنے والے دیوہیکل جہاز کو کیسے نکالا گیا؟

مارچ 29, 2021 2 min

نہر سویز کو بند کرنے والے دیوہیکل جہاز کو کیسے نکالا گیا؟

Reading Time: 2 minutes

دنیا کے دو سمندروں کو ملانے والی مصر کی نہر سویز میں ایک ہفتے سے  زائد پھنسے رہنے والے مال بردار بحری جہاز کو ہٹا دیا گیا ہے جس کے بعد اہم آبی گزرگاہ بحال ہو گئی ہے۔

دیوہیکل بحری جہاز کو نکالنے کے لیے اس پر رکھے کنٹینرز کم کرنے کا آپشن بھی سامنے رکھا گیا تاہم ٹگ بوٹس سے کھینچنے اور 60 فٹ تک کھدائی کے ذریعے اس کے ریت میں دھنسے حصے کو آزاد کرانے میں پہل کی گئی اور اس دوران چودھویں کے چاند سے پانی کی لہروں میں اٹھان سے چھٹے دن کارکنوں کو کامیابی حاصل ہوئی۔

جہاز پر ہزاروں ٹن وزنی کنٹینرز لدے ہوئے تھے جبکہ اس کا حجم چار فٹبال گراؤنڈ کے برابر ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جہاز رانی کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے انچ کیپ شپنگ سروس نے بتایا ہے کہ جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 4:30 بجے سمندر کی سطح پر کامیابی سے تیر رہا تھا۔

گذشتہ کئی دنوں سے مصر کی ٹگ بوٹس سے کھینچنے اور زمین کھودنے والی مشینوں کی مدد سے اس دیوہیکل جہاز کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

مصر کے صحرائے سینا اور مشرق وسطیٰ کے اکثر علاقوں کو جب ریت کے طوفان نے اپنی لپیٹ میں لیا تو 400 میٹر طویل یہ مال بردار بحری جہاز تیز جھکڑ کے باعث اپنا توازن اور سمت برقرار نہ رکھ سکا۔

 ایور گرین جہاز عالمی معیاری وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 40 منٹ پر نہر سویز کے جنوبی کنارے پر جا کر پھنس گیا۔ یہ جہاز منگل کے روز سے نہر سویز میں ترچھا کھڑا رہا۔ جہاز نے بحیرہ احمر اور بحیرہ روم کے درمیان ہر قسم کی بحری ٹریفک کو بلاک کر رکھا تھا۔

بحری جہاز کے آپریٹر کے مطابق، چین سے نیدرلینڈ کے شہر راٹر ڈیم کی بندرگاہ کی جانب بڑھنے والا ایور گرین جہاز ہوا کے تیز جھکڑ کے بعد سمت برقرار نہ رکھنے سے کنارے سے جا لگا تھا۔

تاہم سویز کنال اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے سنیچر کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ یہ حادثہ تکنیکی اور انسانی غلطی کے باعث پیش آیا ہے جس کی تحقیقات ہوں گی۔

بحری جہاز کے 25 افراد پر مشتمل عملے سمیت تجارتی سامان کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی جہاز سے تیل خارج ہوا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے