خان کا مودی کو جوابی خط، پُرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کی خواہش
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی خط میں یوم پاکستان پر مبارکباد کا پیغام بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتی ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے ۔
وزیراعظم کے خط میں کہا گیا کہ تعمیری اور نتیجہ خیز مزاکرات کے لیے سازگار ماحول پیداکرنا ضروری ہے ۔ کورونا وائرس کے خلاف بھارت کے عوام کے لیے نیک خواھشات کا اظہار کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے نام بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے خط میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد دی تھی۔
نریندر مودی نے خط میں پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔
نریندر مودی نے خط میں کورونا وبا سے نمٹنے کےلیے وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔