پاکستان پاکستان24

انڈیا سے تجارتی روابط کی بحالی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا: وزیر خزانہ

مارچ 31, 2021 2 min

انڈیا سے تجارتی روابط کی بحالی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا: وزیر خزانہ

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ انڈیا سے تجارتی روابط کی بحالی اور چینی و کپاس کی درآمد کا فیصلہ عوامی مفاد کیا۔

بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں انڈیا سے تجارتی روابط بحال کیے جانے اور کپاس و چینی درآمد کرنے کی منظوری دینے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ انڈیا میں چینی پاکستان سے سستی ہے اس لیے وہاں سے امپورٹ کر رہے ہیں اور ہر وہ کام کریں گے جس سے عام لوگوں کو فائدہ ہو۔

حماد اظہر نے بتایا کہ ٹارگیٹڈ سبسڈیز پر تمام محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اس طرح مستحق افراد تک زیادہ رقم اور فائدہ پہنچ سکے گا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ کپاس پہلے بھی درآمد کرتے رہے ہیں تاہم اس بار انڈیا سے منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ براہ راست منتخب ہو کر آیا ہوں اور واپس عوام میں جانا ہے اس لیے بھی لوگوں کا خیال ہے۔ ‘کبھی کبھی سخت فیصلے کرنے ہوتے ہیں اور کبھی درست فیصلہ سخت فیصلہ بھی ہوتا ہے۔ حکومت کی ترجیح عام آدمی کی فلاح ہے۔’

انڈیا سے تجارتی روابط بحال کرنے کے سوال پر حماد اظہر نے جواب دیا کہ ‘ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان کے عوام کا فائدہ کس میں ہے۔ چینی اور کپاس دو فوری چیزیں ہمارے سامنے تھیں ان پر فیصلہ کر لیا گیا ہے دیگر اشیا کی درآمد کو بھی دیکھیں گے۔’

وزیر خزانہ حماد اظہر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قمیت میں ایک روپے 55 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 110 روپے 35 پیسے ہوگی۔

ڈیزل کی قمیت میں تین روپے اور مٹی کے تیل کی قمیت میں ایک روپے 55 پیسے کمی کی گئی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں جون 2021 تک نجی شعبوں کو بھی انڈیا سے چینی درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان تجارت اگست 2019 سے معطل جب کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بی جے پی حکومت کے اقدام پر احتجاج کیا گیا تھا۔

مہنگائی کو کم کرنے کے حوالے سے اقدامات کے سوال پر انہوں نے جواب میں کہا کہ ‘جہاں جہاں جو جو مداخلت کی ضرورت ہوگی صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ لوگوں کو عالمی وبا کے اثرات سے محفوظ رکھ سکیں۔’

وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ سٹیل ملز کی نیلامی کے لیے بولی کا عمل رواں سال ہو جائے گا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے