رضا ربانی کی بھی پارٹی کے باپ سے ووٹ لینے پر تنقید
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے بھی اپنی جماعت کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینیٹرز سے ووٹ لینے پر تنقید کی ہے۔
انہوں نے دی نیوز کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہرچند کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ پیپلز پارٹی کا حق ہے لیکن اس کے لیے باپ پارٹی سے ووٹ لینا درست نہیں تھا۔
قبل ازیں پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے اپنی جماعت کے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینیٹرز سے ووٹ لینے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد یہ پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا بیان ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پارٹی کی جانب سے حکومتی ارکان کے ووٹ حاصل کرنے کے فیصلے سے اپوزیشن کے مقصد اور پارٹی کے نظریاتی مؤقف کو نقصان پہنچا ہے۔

