پاکستان پاکستان24

ڈسکہ این اے 75 میں تحریک انصاف کو شکست، ن لیگ کی 20 ہزار لیڈ

اپریل 10, 2021 < 1 min

ڈسکہ این اے 75 میں تحریک انصاف کو شکست، ن لیگ کی 20 ہزار لیڈ

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ ڈسکہ میں ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے تحریک انصاف کو 20 ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے شکست دی ہے۔

سنیچر کو ضمنی الیکشن کے دوران بعض پولنگ سٹیشنز پر ن لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان معمولی لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سیالکوٹ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعلٰی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری سلیم باریار اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ذیشان رفیق کو نوٹس جاری کیے۔

ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ ذیشان رفیق اور دیگر نے حلقہ این اے 75 کا دورہ کیا اور یہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ 18 کی خلاف ورزی کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے رکن صوبائی اسمبلی سے ایک دن میں جواب طلب کیا۔

این اے 75 تحصیل ڈسکہ کی نشست لیگی ایم این اے سید افتخار الدین عرف ظاہر شاہ کی اگست 2020 میں وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ان کی صاحبزادی نوشین افتخار اس حلقے سے جیت گئی ہیں۔

ن لیگ اور تحریک انصاف کے امیدوار آمنے سامنے تھے اور اس حلقے کی سیاسی اہمیت کے باعث پورے ملک کی نظریں اس الیکشن پر لگی تھیں۔

فروری 19 کو اس حلقے میں ضمنی الیکشن بدنظمی اور دھاندلی کے الزامات کے باعث کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

حلقے میں ووٹرز کی تعداد چار لاکھ 94 ہزار ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے