سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی ہلاکت، سفید فام پولیس افسر مجرم قرار
Reading Time: < 1 minuteامریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس کے ایک سابق پولیس آفیسر ڈیرک شوون کو بارہ رکنی جیوری نے جارج فلوئیڈ کے قتل کا مجرم قرار دیا ہے۔
جیوری نے سابق پولیس آفیسر کو قتل سمیت تینوں الزامات میں قصور وار قرار دیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی فیصلے پر مسرت کا اظہار کیا۔
مقدمے کی سماعت تین ہفتے جاری رہی۔ پیر کو استغاثہ اور دفاع نے اپنے دلائل مکمل کرلیے تھے۔ سزا کا فیصلہ اب دو ہفتے بعد سنایا جائے گا۔
اے ایف پی کے مطابق سفید فام سابق پولیس آفیسر ڈیرک شوون کو جو ضمانت پر رہا تھے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ہتھکڑی لگا کر حراست میں لے لیا گیا۔
جیوری کے فیصلے کے فوری بعد جارج فلوئیڈ کے حامی عدالت کے باہر خوشی کا اظہار کرنے لگے۔
جارج فلوئیڈ کے مقدمہ قتل کے فیصلے سے پہلے سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کیے گئے۔ منی ایپلس شہر میں تین ہزار نیشنل گارڈ طلب کر لیے گئے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال 25 مئی کو منی ایپلس میں ایک سیاہ فام امریکی جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے۔