پاکستان پاکستان24

’کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں‘، چودھری نثار حلف نہ اٹھا سکے

مئی 24, 2021 2 min

’کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں‘، چودھری نثار حلف نہ اٹھا سکے

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہ اٹھا سکے.
پیر کو لاہور میں‌میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ٹھنڈا کرکے کھائیں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ ’میں کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں۔‘
حلف نہ اٹھاسکنے پر ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز طے تھی، لیکن انہیں کہا گیا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی غیر موجودگی میں حلف نہیں اٹھایا جا سکتا۔
انہوں‌نے کہا کہ’تین ماہ پہلے الیکشن کمیشن اور اسمبلی کو حلف کے لیے لکھ کر بھیجا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے بغیر حلف نہ لینے کی بات غلط ہے۔ اب کیا کرنا ہے یہ واپس جا کر فیصلہ کریں گے۔ کل یا پرسوں عدالت میں جائیں گے۔‘
عمران خان سے ان کی دوستی پر پوچھے گئے سوال پرچودھری نثار کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے اور بھی بہت دوست ہیں جو ان کو مشورے دیتے رہتے ہیں، لیکن میں عمران خان کو کہتا ہوں کہ ٹھنڈا کر کے کھائیں۔ حکمران کو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں انتشار کی کوئی جگہ نہیں اس وقت افہام و تفہیم کی ضرورت ہے۔ ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔‘
پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نےمیڈیا کو بتایا ’ہم نے چوہدری نثار سے دو دن کا وقت لیا ہے۔ کیونکہ ان کے حلف نہ لینے کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات بھی چل رہے ہیں ۔ ہم چھان بین کرنا چاہ رہے ہیں کہ کسی عدالت نے ان کی بابت سٹے آرڈر تو نہیں جاری کیا۔ اگر صورت میں حلف لے لیا جاتا تو توہین عدالت بھی ہو سکتی تھی۔ ریکارڈ چیک کر کے انہیں حلف کے لیے بلا لیا جائے گا۔‘
چوہدری نثار نے کہا کہ وہ ایک دو روز میں بتائیں گے کہ انہیں حلف کیوں نہیں لینے دیا گیا ۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ‘حلف لینے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ایک سیاسی پیش رفت ہوئی۔ حکومت ایک خود ساختہ آرڈینیس لانے کی کوشش میں ہے جس میں یہ چاہتے ہیں کہ ممبرز کی ڈس کوالیفکیشن ہو۔ میرٹ پر ہو تو ٹھیک مگر رات کے اندھیرے میں ایسا آرڈی ننس آئے تو اعتراض ہے۔‘
پیر کو پنجاب اسمبلی کی کارروائی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی عدم موجودگی میں پینل آف چیئرمین کے میاں شفیع چلا رہے تھے۔ جب چودھری نثار کو سیکریٹریٹ کی جانب سے حلف برداری نہ ہونے کا بتایا گیاتو اسمبلی کے باہر آ کر ان کا کہنا تھا ’میں نے پہلے احتجاجاً حلف نہیں اٹھایا تھا کیونکہ قومی اسمبلی کی سیٹ سے مجھے ہروایا گیا۔ اب یہ قومی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں حلف برداری کےلیے آرڈیننس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے