پاکستان پاکستان24

پاکستان میں کورونا کیسز کم، ویکسینیشن میں اضافہ

مئی 30, 2021 2 min

پاکستان میں کورونا کیسز کم، ویکسینیشن میں اضافہ

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح کم ہو رہی ہے جبکہ شہریوں کو ویکسین لگانے کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
کورونا کی صورتحال کی نگرانی اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد سے کم ہو گئی ہے۔
دوسری جانب اتوار کو ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ’گزشتہ ایک دن میں ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، کل 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اب تک 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔‘
اتوار کو جاری کیے گئے اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 55 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار 697 کی رپورٹ مثبت آئی۔ اس طرح یہ شرح چار اعشاریہ آٹھ بنتی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 56 اموات ہوئی ہیں۔
گزشتہ سات دن میں پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 485 رہی۔
پاکستان میں کورونا کی وبا آنے سے اب تک اس وائرس کا شکار ہو کر 20 ہزار 736 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد اس وقت 58 ہزار 878 ہے۔
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کے بعد شہریوں کو اس وبا سے بچانے کے لیے ویکسینیشن کا عمل بھی مرحلہ وار جاری ہے اور اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کو رجسٹریشن کے بعد ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں چین کی سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو جبکہ برطانیہ کی آکسفورڈ آسٹرا زینیکا اور روس کی سپوتنک فائیو ویکسین شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔
امریکہ کی فائزر ویکسین کی ایک کھیپ بھی پاکستان پہنچ چکی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے