’ہم نے تین گنا زیادہ سڑکیںتعمیر کرائیں،مشکل وقت سے نکل گئے‘
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے تین گنا زیادہ سڑکیں تعمیر کرائی ہیں، ’ہم ملک میں زراعت کے شعبے کو اٹھا رہے ہیں، صنعتوں کو بحال کر رہے ہیں، کسانوں کے لیے خصوصی پیکج لا رہے ہیں۔‘
جمعے کو لودھراں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج جو کام ہو رہے ہیں وہ دس سال پہلے ہونے چاہئیں تھے۔
وزیراعظم کے مطابق ’آئی ٹی کی ایکسپورٹس دگنی ہو گئی ہیں، پاکستان میں دس ڈیمز بن رہے ہیں، ہمارے پاس پانی سے پچاس ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت ہے۔‘
ملک میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سےعمران خان نے کہا کہ ’صرف سیاحت سے اتنے پیسے کما سکتے ہیں کہ اپنے ذخائر بڑھا سکیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بٹن دبانے سے نہیں بننا تھا. ’جب ہماری حکومت آئی تو تو ہم سے پوچھا گیا کہاں ہے نیا پاکستان، لوگوں کو تاثر دیا گیا کہ بٹن دباتے ہی نیا پاکستان سامنے آئے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پہلے ہفتے میں ہی کہہ دیا گیا کہ حکومت فیل ہو گئی ہے، میڈیا اور اپوزیشن ہم پر تنقید کرتی رہی، ہم نے ڈھائی سال بہت صبر سے گزارے۔‘
عمران خان نے اپنے پرانے بیان دہراتےہوئے کہا کہ خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہتے ہیں کہ حکومت گرا دو، یہ مافیاز حکومت گرانے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم کے الفاظ تھے کہ ’ان کے اربوں ڈالر ملک سے باہر پڑے ہوئے ہیں، ان کی چوریاں سامنے آ رہی ہیں اس لیے ان کی کوشش ہے کہ حکومت کو گرا دیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت مافیاز سے خود کو آزاد کرانے کی جدوجہد چل رہی ہے۔ ’یہ جدوجہد ہے قانون کی حکمرانی کی۔ قانون کی حکمرانی سے ہی معاشرہ بدلتا ہے۔ پاکستان کے مستقبل کے لیے یہ بہت اہم جدوجہد ہے۔‘
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ برا وقت نکل چکا ہے، گروتھ بڑھانے کا وقت ہے۔ ’ہم مشکل وقت سے نکل گئے ہیں، کورونا کے باوجود ہمارا گروتھ ریٹ چار فیصد پر چلا گیا ہے۔‘