پاکستان پاکستان24

کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف مظاہرین مشتعل، آگ لگانے پر 50 گرفتار

جون 6, 2021 2 min

کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف مظاہرین مشتعل، آگ لگانے پر 50 گرفتار

Reading Time: 2 minutes

کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف احتجاج کرنے والے قوم پرست جماعتوں کے مظاہرین مشتعل ہو گئے، دفاتر کو آگ لگانے پر 50 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے.
اتوار کو سندھ کی قوم پرست جماعتوں کی جانب سے کراچی کے مضافات میں واقع بحریہ ٹاؤن کی جانب سے ملحقہ دیہات پر مبینہ طور پر ’ قبضے اور علاقہ مکینوں کی مبینہ جبری بے دخلی‘ کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا تھا.
دھرنے کے منتظمین نے کہا ہے کہ ان کے پرامن احتجاج کو بدنام کرنے کے لیے شرپسندی کی گئی.
پولیس کے مطابق مشتعل افراد نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے گیٹ پر جلاؤ گھیراؤ کیا۔
پولیس کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’مظاہرین نے کراچی حیدرآباد سپر ہائی وے پر واقع بحریہ ٹاون کے داخلی دروازے کے سامنے احتجاج کیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ بعد ازاں احتجاج میں شامل چند افراد مشتعل ہو کر بحریہ ٹاؤن کے اندر داخل ہوئے اور جلاؤ گھیراؤ کر کے املاک کو نقصان پہنچایا۔‘
کراچی پولیس نے بتایا کہ مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی، جبکہ عمارتوں میں قائم دفاتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔ اس کے علاؤہ بحریہ ٹاؤن کے مرکزی داخلی دروازے کو بھی آگ لگائی گئی۔
پولیس کی جانب سے صورتحال کو قابو میں کرنے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے بعد رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ملیر ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بحریہ ٹاؤن میں توڑپھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 50 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہےجبکہ بحریہ ٹاؤن میں ممکنہ طور پر چھپے ہوئے شرپسندوں کی تلاش کا کام بھی جاری ہے۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بحریہ ٹاﺅن میں ہونے والے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ کئی روز قبل سے مظاہرے کی اطلاعات کے باوجود آئی جی سندھ نے اقدامات کیوں نہیں کیے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے