پاکستان میں یومیہ ویکسینیشن کے نئے ریکارڈ پر تنقید کیوں؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں کورونا وبا کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ویکسین لگوانے والے افراد کی یومیہ تعداد پانچ لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔
سینٹر کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پیر کو پہلی بار ایک دن میں پانچ لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز پانچ لاکھ 25 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی اور پہلی خوراک لگوانے والوں کی بھی کل بلند ترین تعداد تین لاکھ 90 ہزار رہی۔
وفاقی وزیر کے مطابق ویکسینیشن کی رفتار مزید بڑھے گی۔
دوسری جانب قومی کرکٹر جنید خان نے اس دعویٰ کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے علاقے صوابی میں ویکسین دستیاب نہیں اور حکام کہتے ہیں کہ سیاحت کے لیے گلگت بلتستان جانے والے ویکسینیشن لازمی کرائیں۔
این سی او سی نے جنید خان کو جواب میں ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں کورونا ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں نے دیگر علاقوں سے اسلام آباد آ کر ویکسینیشن سینٹر پر دھاوا بولا تھا۔