پاکستان

ہائیکورٹ اور اسلام آباد کچہری میں کورٹ رپورٹرز کے تحفظ کے لیے اقدامات

جولائی 13, 2021

ہائیکورٹ اور اسلام آباد کچہری میں کورٹ رپورٹرز کے تحفظ کے لیے اقدامات

ہائی پروفائل مقدمات کی رپورٹنگ کرنے والے کورٹ رپورٹرز کو سیکیورٹی فراہمی سے متعلق اسلام آباد پولیس نے اہم اقدام کیا ہے جس کے تحت اسلام آباد کچہری ،جوڈیشل کمپلیکس اور ہائیکورٹ میں کورٹ رپورٹرز اور پولیس کے درمیان بہتر کوارڈینشن کے لیے پولیس کے الگ الگ فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں۔

ایس پی صدر فاروق بٹر کو کورٹ رپورٹرز سے کوارڈینیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے دوسری کیٹیگری میں اسلام آباد کچہری کے لیے ایس ڈی پی او تھانہ مارگلہ، جوڈیشل کمپلیکس اور ہائیکورٹ کے لیے ایس ڈی پی او تھانہ رمنا فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر سے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر کی سربراہی میں نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر نے کہا کہ کورٹ رپورٹرز کو ہر حوالے سے تحفظ فراہم کریں گے ، خطرناک اور ہائی پروفائل کیس کے ملزمان سے صحافیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ، پولیس اور کورٹ رپورٹرز میں رابطے بہتر ہونے سے مسائل پر قابو پانے میں آسانی ہو گی۔

صدر ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ثاقب بشیر نے کہا کہ صحافیوں کے سیکیورٹی مسائل حل کرنے پر آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کے شکر گزار ہیں ، زیر التوا مقدمات کی بلا خوف و خطر کوریج جاری رکھیں گے ، گزشتہ ملاقات کے دوران ایس ایس پی سیکیورٹی ڈویژن ملک نعیم اقبال بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ہائی کورٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احتشام کیانی، پریس سیکریٹری حسین چوہدری ،ایسوسی ایشن کے سابق صدر اسد ملک ، سابق صدر عامر سعید عباسی ، سینئر ممبر رضوان قاضی، ایسوسی ایشن کے ممبر حسیب ملک اور عمر برنی بھی وفد میں شامل تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے