دبئی ایئر پورٹ کے رن وے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے
Reading Time: < 1 minuteدبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو مسافر طیارے ٹکرائے ہیں تاہم حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
امارات ٹوڈےکے مطابق فلائی دبئی اور بحرینی ایئرلائن گلف ایئر کے دو طیارے جمعرات کی صبح ٹیکسی کرتے ہوئے آپس میں ٹکرائے ہیں۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ کا ایک رن وے دو گھنٹے کے لیے بند رکھا گیا.
فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ بوئنگ 737 ایس طیارہ کرغیزستان روانہ ہو رہا تھا کہ اس دوران ’ایک معمولی حادثے‘ کا شکار ہوا، جس کے بعد اسے واپس سٹینڈ میں منتقل کر دیا گیا۔
ایئر لائن کے مطابق متاثرہ جہاز کے مسافروں کو چھ گھنٹے بعد دوسرے طیارے کے ذریعے بھیجا گیا ہے۔
طیارے ٹکرانے کے نتیجے میں دو میں سے ایک جہاز کے پر کا کونا متاثر ہوا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فلائی دبئی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی چھان بین کرے گی۔‘
گلف ایئر کے مطابق ’ایک اور ایئرلائن کے طیارے کی وجہ سے ان کے جہاز کا عقبی حصہ متاثر ہوا ہے۔ تمام مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
گلف ایئر کی جانب سے متاثرہ طیارے کے متعلق مزید نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ ایئر لائن مسافروں کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مناما میں اپنے مرکز بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچاتی ہے۔