چھٹیوں اور طوفانی بارش میں داسو ڈیم پر کام کی رفتار میں تیزی کا دعوی
Reading Time: < 1 minuteعید کی چھٹیوں اور علاقے میں طوفانی بارشوں کے دوران پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعوی کیا ہے کہ چین نے داسو ڈیم پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے.
فواد چوہدری کے مطابق داسو واقعے کے بعد چین نے ڈیم پر کام کی رفتار مزید تیز کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ دشمن عناصر داسو ڈیم پروجیکٹ پر کام کو رکوانا چاہتے تھے۔
’چین نے داسو ڈیم پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔ چین اور پاکستان کا آپس کو جو اعتماد کا رشتہ ہے۔ اس کا ایک بیانیہ ہے جو آپ نے دیکھا جس طرح حملے کے بعد چین نے ردعمل دیا۔‘
انہوں نے کہ چین سے ایک 23 رکنی ٹیم پاکستان آئی تھی اور اس واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ تحقیقات دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پاکستان میں چینی شہریوں پر حملہ تو تھا ہی لیکن یہ چین کے اوپر براہ راست حملہ ہے ان فورسز کی طرف سے جو سی پیک نہیں چاہتے۔‘
گذشتہ ہفتے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قریب بس حادثے‘میں چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
چین نے پاکستان سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ تحقیقات میں مدد کے لیے ٹیم بھیجے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے داسو واقعے کی ابتدائی تفتیش میں بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔