کورونا سے مرنے والوں کے لواحقین کو 50 ہزار امداد: انڈین سپریم کورٹ
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کی سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی ہر موت کے معاوضے کے طور پر لواحقین کو 50 ہزار انڈین روپے ادا کریں۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے یہ حکم منگل کو دیا گیا ہے۔
انڈیا میں کووڈ کی وجہ سے مجموعی طور پر چار لاکھ 92 ہزار 60 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بہت کم تعداد ہے کیونکہ ممکن ہے دور دراز تک پھیلے ہوئے علاقوں میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے ہوں جو رپورٹ نہیں ہو سکے۔
ماہرین نے کہا کہ انڈین دارالحکومت نئی دہلی سمیت بڑے شہروں میں بڑی تعداد میں اموات کی اطلاع نہیں دی گئی کیونکہ ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی فراہمی ختم ہو گئی تھی۔
درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، جس کے ذریعے حکومت قدرتی آفات میں کچھ مالی مدد فراہم کرتی ہے، کو حکم دے کہ وہ کم از کم آٹھ گنا معاوضہ یا پھر چار لاکھ روپے فراہم کرے۔
حکومت اپنے حلف نامے میں جسے سپریم نے منظور کیا تھا، کم از کم قابل ادائیگی رقم مقامی حکام کے تحت سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے ذریعے تقسیم کرنے پر راضی ہو گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ ’تمام متعلقہ اتھارٹیز ’ہیلپنگ ہینڈ‘ کے طور پر کام کریں گی تاکہ ان لوگوں کے آنسو پونچھ سکے جو کووڈ 19 کی وجہ سے خاندان کے کسی فرد کے نقصان کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔‘
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے ممالک نے کووڈ 19 سے ہونے والی اموات کے لیے اس طرح کے معاوضے کی پیشکش کی ہے۔