تحریک لبیک مارچ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سڑکیں بند
پاکستان میں کالعدم مذہبی تنظیم تحریک لبیک کی جانب سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے بعد جمعے کی صبح وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
پولیس انتظامیہ کی جانب سے جمعے کی صبح مری روڈ پر سکستھ روڈ، شمس آباد اور فیض آباد کے مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
راستوں کی بندش سے کئی جگہوں پر ٹریفک جام ہوگئی ہے جس سے جڑواں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینلز کے مطابق تحریک لبیک کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پنجاب پولیس نے مبینہ طور پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک ہزار سے زائد سرگرم کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔