اہم خبریں پاکستان24 عالمی خبریں

برطانوی عدالت میں اے آر وائے کی ایک اور معافی

اکتوبر 29, 2021 2 min

برطانوی عدالت میں اے آر وائے کی ایک اور معافی

Reading Time: 2 minutes

برطانیہ میں اے آر وائے نیوز کی نشریات دکھانے والے نیو وژن ٹی وی نے اسحاق ڈار کے بعد ایک اور ن لیگی رہنما ناصر بٹ سے بھی معافی مانگ لی ہے۔

چینل نے جھوٹ بولنے اور الزامات عائد کرنے پر ہرجانہ اور وکلا کی فیس ادا کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔

عدالت میں جمع کرائے معافی نامے میں نیو وژن نے لکھا کہ ناصر بٹ صاحب نے ہمیں بتایا ہے اور ہم ان کا یہ مؤقف تسلیم کرتے ہیں کہ ان پر قتل، غنڈہ گردی، منشیات فروشی، سمگلنگ کے علاوہ پاکستان میں قانون سے بھاگ کر برطانیہ میں پناہ لینے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ہم ناصر بٹ سے معذرت کرتے ہیں اور ہم ہرجانہ دینے کے ساتھ ساتھ ان کی وکلا کی فیسیں بھرنے کا بھی عہد کرتے ہیں۔

ٹی وی کے بیان کے مطابق 14 جولائی 2019 کو پروگرام نشر کیا تھا جس میں وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے الزام عائد کیا تھا کہ ناصر بٹ پاکستان میں قانون سے بھاگ کر برطانیہ میں بیٹھے تھے۔ اس کے علاوہ 7 جولائی کو چینل پر چلنے والی ایک رپورٹ میں ان پر لگائے گئے الزامات پر بھی معذرت طلب کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کہ برطانیہ میں ARY اب NVTV کے نام سے اس لئے کام کرتا ہے کہ 2014 میں اس نے جیو نیوز پر غیر ملکی فنڈنگ اور دیگر سطحی الزامات عائد کیے تھے جس پر جیو نیوز نے برطانوی عدالت میں چینل پر کیس کیا تھا اور اس مقدمے میں شکست کے بعد ARY نے برطانیہ میں خود کو دیوالیہ قرار دے کر چینل تو بند کر دیا لیکن NVTV کے نام سے اس چینل پر ARY کی تمام خبریں نشر ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل ARY سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے بھی معافی مانگ چکا ہے اور ان کے ہتکِ عزت کے ہرجانے اور جرمانے بھرنے کے اقرار کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر معافی نامہ بھی نشر کر چکا ہے۔ یہ بات البتہ اہم ہے کہ پاکستان میں اس معافی نامے کو نشر نہیں کیا گیا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے