اہم خبریں عالمی خبریں

اشرف غنی حکومت کے خاتمے کی معلومات امریکہ نے چھپا رکھی ہیں؟

اکتوبر 30, 2021 2 min

اشرف غنی حکومت کے خاتمے کی معلومات امریکہ نے چھپا رکھی ہیں؟

Reading Time: 2 minutes

افغانستان میں تعمیر نو کے لیے امریکی نگران ادارے سیگار نے  پینٹاگون اور محکمہ خارجہ پر امریکی افواج کے بے ہنگم انخلا اور اشرف غنی کی حکومت گرنے سے متعلق معلومات چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نگران ادارے سیگار کے انسپکٹر جنرل جان سوپکو نے کہا ہے کہ اگست میں ہونے والے واقعات کی حقیقت سے متعلق صرف ایک ہی صورت میں پتا چل سکتا ہے کہ اگر امریکی محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ وہ تمام معلومات ظاہر کریں جن تک عوام کو رسائی حاصل نہیں۔

امریکی کانگریس نے سابق افغان حکومت ختم ہونے اور افغان فوج کے اچانک ڈھیر ہو جانے کی تحقیقات کی ذمہ داری سیگار کے انسپکٹر جنرل کو سونپی ہے، تاہم انسپکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر اشرف غنی حکومت کی درخواست پر پینٹاگون سال 2015 سے متعلقہ ڈیٹا جاری نہیں کر رہا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ انخلا کی کوششوں سے منسلک سکیورٹی خدشات کے باعث محکمے نے کچھ معلومات عارضی طور پر ہٹانے کا کہا تھا تاکہ افغان عوام اور شراکت دار تنظیموں کی شناخت پوشیدہ رکھی جا سکے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیگار کے پاس اختیار ہے کہ وہ عوام کی رسائی کے لیے ان رپورٹس کو دوبارہ اپنی ویب سائٹ پر بحال کر دے۔

سیگار کے انسپکٹر جنرل جان سوپکو نے صحافیوں کو بتایا کہ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد محکمہ خارجہ نے درخواست تھی کہ وہ چند رپورٹس تک آن لائن رسائی عارضی طور پر معطل کر دی تاکہ امریکہ سے منسلک افغانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

جان سوپکو کا کہنا تھا کہ ان رپورٹس میں جن افراد کا ذکر ہے ان کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے محکمہ خارجہ کبھی بھی واضح نہیں کرسکا۔ 

انسپکٹر جنرل نے بتایا کہ محکمہ خارجہ نے سیگار کی ویب سائٹ پر موجود مزید 2400 آئٹم ہٹانے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’محکمہ خارجہ کی جانب سے کچھ درخواستیں عجیب تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ رپورٹس میں سے سابق افغان صدر اشرف غنی کا نام ہٹا دیں۔‘

محکمہ خارجہ کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد سیگار نے صرف چار لنکس ویب سائٹ پر سے ہٹائے ہیں جبکہ باقیوں تک عوام کی رسائی کو بحال رکھا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے