پاکستان میں پیٹرول مزید مہنگا، حکومت دفاعی پوزیشن میں
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے تین پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے ٹویٹ کیاہے کہ ’پیٹرول کی قیمت بڑھانا کوئی پسندیدہ فیصلہ نہیں تھا۔ ہر پہلو دیکھا گیا۔ پوری دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت دو گنا ہو چکی۔‘
ان کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے ہی پیٹرولیم ٹیکس 31 روپے سے کم کر کے 5 روپے تک لا چکی۔ ’اب بھی اگر قیمت کم رکھنی ہو تو پھر قرضہ لینا پڑے گا جو کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔‘
اپوزیشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر حکومت پر تنقید کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں بتایا تھا کہ ’عالمی سطح پر تیل کی قیمت 100 فی صد بڑھی ہے۔ انڈیا میں پیٹرول 250 روپے فی لیٹر ہے۔ بنگلہ دیش میں 200 روپے لیٹر جبکہ پاکستان میں 138 روپے لیٹر ہے‘
وزیراعظم کے مطابق ’سوائے تیل پیدا کرنے والے ملکوں کے پاکستان میں تیل سب سے سستا ہے۔ ہم نے ٹیکس کم کر کے تیل کی قیمت کم رکھی ہے تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔‘