عالمی خبریں

افغانستان میں سابق اہلکاروں کی مبینہ ہلاکت، طالبان پر عالمی دباؤ

دسمبر 5, 2021

افغانستان میں سابق اہلکاروں کی مبینہ ہلاکت، طالبان پر عالمی دباؤ

امریکہ اور یورپی ممالک نے طالبان کے ہاتھوں افغان سکیورٹی فورسز کے سابق اہلکاروں کی مبینہ ہلاکتوں اور جبری گمشدگیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ’ہمیں ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کی رپورٹس پر تشویش ہے۔‘

مشترکہ بیان امریکی محکمہ خارجہ نے جاری کیا جس میں ماورائے عدالت قتل اور جبرہ گمشدگیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ’مبینہ کارروایاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں اور یہ طالبان کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے برعکس ہے۔‘

ان ممالک نے افغانستان کے نئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ’عام معافی کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور شفاف طریقے سے رپورٹ ہوئے کیسز کی تحقیقات ہونی چاہییں۔ ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبان کو ان کے اقدامات کی بنیاد پر پرکھا جائے گا۔

رواں ہفتے کے اوائل میں ہیومن رائٹس واچ کی ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے سو سے زیادہ سابق اہلکاروں کو ہلاک اور جبری طور پر لاپتہ کیا ہے جبکہ سابق سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے