اپوزیشن اتحاد اگلے سال اسلام آباد کی جانب مہنگائی مارچ کرے گا: پی ڈی ایم
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگلے سال 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کرے گی۔
پیر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی مارچ کے حوالے سے چاروں صوبوں میں پی ڈی ایم کی قیادت اجلاس منعقد کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی اور جعلی حکومت وجود میں آئی۔
23 مارچ کو اسلام آباد میں قومی پریڈ ہوتی ہے، یہ دن منتخب کرنے کی کوئی خاص وجہ ہے؟ اس سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’مسئلہ بھی تو قومی نوعیت کا ہے اور ہم بھی قوم کا حصہ ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اجلاس میں استعفوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تاہم ایسا کب کرنا ہے اور کیسے کرنا ہے اس کا فیصلہ پی ڈی ایم اپنی مرضی سے کرے گی۔
جے یو آئی کے پچھلے لانگ مارچ کے تناظر میں پوچھے گئے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’اس کا فیصلہ ہم نے کیا تھا اور مہنگائی مارچ کا فیصلہ پی ڈی ایم نے کیا ہے۔‘
مہنگائی مارچ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ بہت بڑا مظاہرہ ہو گا جس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں شریک ہوں گی۔
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ مارچ کی منزل ڈی چوک ہو گا یا کوئی اور مقام تو انہوں نے یہ مصرع پڑھا ’آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔‘
استعفوں کے لیے اے این پی اور پی پی سے رجوع کرنے کے امکان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’میڈیا کے نزدیک جو معاملات اہم ہیں ہو سکتا ہے ہمارے نزدیک ان کی اتنی اہمیت نہ ہو۔‘

