ٹرین روک کر دہی لینے جانے والا پاکستان ریلوے کا ڈرائیور معطل
وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرین روک کر دہی لینے جانے والے پاکستان ریلوے کے ڈرائیور کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پیر کے روز لاہور ڈویژن میں کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب انجن نمبر 5217 کا اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی لینے کے لیے بازار گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ٹرین ڈرائیور رانا محمد شہزاد اور افتخار حسین اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اس طرح کے واقعات مستقبل میں بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ بھی کو ئی ایسا واقعہ پیش آیا تو اس پر بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے قومی امانت ہے اس کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

