پاکستان

او ایل ایکس پر ملازمت کے اشتہار سے بلیک میلنگ، ملزم کو 13 برس قید

دسمبر 25, 2021

او ایل ایکس پر ملازمت کے اشتہار سے بلیک میلنگ، ملزم کو 13 برس قید

پاکستان میں ایک عدالت نے انسداد الیکٹرانک کرائم (پیکا) کے قانون کے تحت او ایل ایکس پر نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کی نازیبا تصاویر بنانے کے مقدمے میں‌ایک ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی ہے۔

راولپنڈی کے سینیئر سول جج قذافی بن زائر کی عدالت نے خاتون کی نازیبا تصاویر بنا کر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلانے اور بلیک میلنگ سے رقم ہتھیانے پر ملزم یوسف ایوب کو مجموعی طور پر 13 برس قید کی سزا دی ہے۔

ملزم یوسف ایوب کے خلاف 24 نومبر 2019 کو راولپنڈی کی رہائشی خاتون نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو درخواست دی تھی جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔

خاتون نے درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ ملزم یوسف ایوب نے ملازمت کا اشتہار دیا تھا جس پر ان سے رابطہ ہوا۔ ’اس دوران ملزم نے چار لاکھ روپے بھی لیے اور کچھ عرصہ بعد ان کی نازیبا تصاویر بنا کر واٹس ایپ پر بھیجیں اور بلیک میل کیا۔‘

ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں خاتون نے کہا تھا کہ ملزم نے نازیبا تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلا کر ان کی عزت اور نیک نامی کو نقصان پہنچایا۔

عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق ایف آئی اے کے سب انسپکٹر میاں عرفان جاوید نے لاہور کے رہائشی ملزم یوسف ایوب کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے موبائل فون سے مواد برآمد کیا جس کا فرانزک کرایا گیا۔

عدالت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ملک سکندر زمان نے دلائل کے دوران بتایا کہ ملزم کے موبائل فون کے فرانزک آڈٹ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اس نے کئی دیگر خواتین کو بھی بلیک میل کیا۔

دو برس کے دوران استغاثہ عدالت میں ملزم کے خلاف اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہا جس پر یوسف ایوب کو پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کی پانچ مختلف دفعات کے تحت چار مختلف سزائیں سنائی گئی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے