سیاسی بونے بوٹ پالش کا سامان لیے تیار کھڑے ہیں: فواد چوہدری
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کی خبروں پر غصے اور طنز بھرا تبصرہ کیا ہے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا کہ ”جو لوگ وطن واپسی کے لیے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔ نون لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں صرف کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا۔ آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں۔ روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے اور پاکستان میں یہ ہی ہوا۔“
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور بدبودار سیاسی انتقام پورے کا پورا دفن اور ملیامیٹ ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا بڑھتا ہوا شدید غصہ اور نفرت مزید جھوٹ بولنے سے کم ہوگا اور نہ ہی جھوٹے بیانات سے انہیں کوئی نیا چکر دیا جاسکتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پورا موقع ملا تھا ،اپنا نیا پاکستان بنانے کا۔
خیال رہے پاکستان میں سیاسی مبصرین اگلے سال جنوری میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
بعض ٹی وی اینکروں نے سوشل میڈیا پر ایسے تجزیے کیے ہیں جن کے مطابق نواز شریف کے اسٹیبلشمنٹ سے معاملات طے پا گئے ہیں اور موجودہ حکومت کو اگلے سال فارغ کر دیا جائے گا۔

