پاکستان

امریکی شہری وجیہہ سواتی کا قتل اور لاش منتقلی کیسے کی گئی؟

دسمبر 26, 2021

امریکی شہری وجیہہ سواتی کا قتل اور لاش منتقلی کیسے کی گئی؟

پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجہیہ سواتی کی لاش کا پوسٹمارٹم مکمل کر کے میت لاش سرد خانے منتقل کر دی گئی جبکہ امریکی سفارت خانے کے دباؤ وپر گرفتار ملزم، اس کے والد اور ملازم کو پولیس نے خصوصی پروٹوکول میں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔

اتوار کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزمان کی فوٹیج بنانے پر ڈی ایس پی سول لائنز کی ایما پر مقامی صحافی پر پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا اور موبائل چھین کر ویڈیوز ڈیلیٹ کر کے تھانہ سول لائنز میں ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکیاں دیں۔

ملزم رضوان حبیب نے دوران تفتیش ملک سے فرار ہو کر پولینڈ میں پناہ لینے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

امریکی شہری وجہیہ سواتی کی لاش لکی مروت سے راولپنڈی پہنچائے جانے پر ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹروں نے پوسٹمارٹم مکمل کیا اور لاش سے فرانزک ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی حاصل کر کے لاہور بجھوا دیے گئے۔

سخت سیکورٹی میں لکی مروت کے علاقہ پیزو سے راولپنڈی منتقل کی گئی لاش گرفتار ملزم رضوان حبیب کی نشاندہی پر برآمد کی گئی تھی۔

چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے ملزم رضوان حبیب، اس کے والد اور ملازم کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کے موقع پر فوٹیج بنانے والے مقامی صحافی افتخار خٹک کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

مجسٹریٹ کے سامنے پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے آلہ قتل، لاش منتقل کرنے والی گاڑی اور قبر کھودنے والے آلات سمیت دیگر شریک ملزمان کا بھی معلوم کرنا ہے۔

عدالت نے مرکزی ملزم رضوان حبیب، ملزم کے والد حریت اللہ اور ملازم سلطان کو مزید تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دے دیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے پاکستان سے فرار ہو کر پولینڈ میں پناہ لینے کا منصوبہ بنایا تھا جس کے لیے پاسپورٹ حاصل کرلیا گیا تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ اسے والد نے کہا کہ 50ہزارروپے دے کر خاتون کو قتل کروایا جا سکتا ہے لیکن ملزم نے خود چھری کے وار سے وجہیہ سواتی کو قتل کیا اور لاش گاڑی کی ڈگی میں ملازم کے گھر پیزو منتقل اور دفن کی۔

پولیس نے خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے زاویہ پر بھی تفتیش کو آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔

امریکی شہری وجہیہ سواتی کو سولہ اکتوبر کو پاکستان پہنچنے پر سابق شوہر رضوان حبیب نے مبینہ طور پر اغوا کرکے والد اور ملازم کی معاونت سے چھری کے وار سے قتل کر دیا تھا۔

پولیس کی غفلت، لاپرواہی اور ناقص تفتیش کے باعث ملزم دو ماہ تک گرفتار نہ ہو سکا۔ بعد ازاں امریکی سفارت خانے کے دباؤ پر ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے