اپوزیشن کے احتجاج میں مہنگائی لانے والا منی بجٹ کیسے منظور کیا گیا؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی قومی اسمبلی نے ضمنی مالیاتی بل 2021 کی کثرت رائے سے منطوری دے دی ہے جہاں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے شدید احتجاج کیا۔
قومی اسمبلی میں جمعرات کو حکومت کے منی بجٹ میں اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ تمام ترامیم کو کثرت رائے سے مسترد کیا گیا۔
قومی اسمبلی نے پاکستان کے سٹیٹ بینک کی خودمختاری کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کیا۔
بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی میں احتجاج کیا گیا۔ اپوزیشن اراکین نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر نعرے بازی کی جبکہ اس دوران حکومتی ارکان وزیراعظم عمران خان کے اردگرد جمع ہوئے۔
اپوزیشن کی جانب سے آئی ایم ایف کا جو یار ہے غدار ہے اور ’گو عمران گو‘ کے نعرے لگائے گئے۔
وزیر خزانہ نے مالیاتی بل (منی بجٹ) ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیا تو 342 ارکان میں سے حکومت کے 14 جبکہ اپوزیشن کے 10 ممبرز غیر حاضر تھے۔
اس کے باوجود حکومت کو اپوزیشن کے 150 کے مقابلے میں 168 ارکان کے ساتھ اکثریت حاصل رہی۔
اس وقت قومی اسمبلی میں حکومت کے پاس 182 جبکہ ایوزیشن کے پاس 160 ارکان ہیں۔