ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور اسسٹنٹ کمشنر مری عہدوں سے فارغ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں برفباری میں کے دوران سیاحوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر مری اور راولپنڈی کے سٹی پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر، چیف ٹریفک آفیسر سمیت کئی اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے.
وزیراعلی کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر 15 افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
بدھ کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’سانحہ مری بہت بڑا واقعہ ہے، انکوائری رپورٹ کے مطابق غفلت، کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی۔‘
یاد رہے کہ نو جنوری کو سیاحتی مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح سڑکوں پر پھنس گئے تھے اور اس دوران شدید سردی اور گاڑیوں میں دم گھٹنے سے 23 سیاح زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
اس واقعے کے بعد پنجاب حکومت نے انکوائری کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ’قوم سے سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔ قوم سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ اے ایس پی اور اے سی مری ، سی پی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او راولپنڈی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔‘
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی ٹریفک مری، ایس پی ہائی وے سرکل، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری کو بھی عہدوں سے ہٹا یا ہے۔