اہم خبریں عالمی خبریں

کینیڈا و امریکہ کی سرحد پر بچے سمیت چار افراد سردی سے ٹھٹھر کر ہلاک

جنوری 21, 2022 2 min

کینیڈا و امریکہ کی سرحد پر بچے سمیت چار افراد سردی سے ٹھٹھر کر ہلاک

Reading Time: 2 minutes

کینیڈا کے حکام کو امریکہ کے ساتھ سرحد کے قریب سے چار ایسے افراد کی لاشیں ملی ہیں جو بظاہر سردی سے ٹھٹھر کر ہلاک ہوئے. مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے.

کینیڈین حکام نے جمعرات کو بتایا کہ مذکورہ افراد کی موت اس علاقے میں ہوئی جو امریکی سرحد سے چند میٹر کی دوری پر ہے اور اس راستے کے بھی قریب ہے جس کو امریکہ سے ہجرت کر کے آنے والے استعمال کرتے ہیں۔

بدھ کو ملنے والی لاشیں برفانی تودوں کے درمیان پائی گئیں اور وقت درجہ حرارت منفی 35 ڈگری تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ چاروں افراد سردی کے باعث ہلاک ہوئے۔‘

دو افراد اور ایک بچے کی لاشیں جہاں سے ملی ہیں وہ کینیڈین صوبے مینیٹوبہ کے قصبے ایمرسن سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والے چوتھےاور کم عمر شخص کی لاش بعد میں ملی۔

بدھ کو واقعے سے کچھ دیر قبل امریکہ کی طرف بارڈر فورس نے چند ایسے افراد کو حراست میں لیا تھا جنہوں نے اسی وقت کینیڈا سے سرحد عبور کی تھی۔

ان افراد کے پاس بچوں کی اشیا تھیں مگر کوئی بچہ نہیں تھا جس کے بعد سرحد کے دونوں طرف تلاش کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔

تلاش کے چار گھنٹے بعد پہلی لاش ملی۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسی روٹ کو استعمال کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر انسانی سمگلنگ کا الزام ہے۔

فلوریڈا سے تعلق رکھنے والا 47 سالہ شخص ایک گاڑی میں ایسے انڈین افراد کو لے کر جا رہا تھا جن کے پاس کوئی کاغذات نہیں تھے۔

بیان کے مطابق جب ان کو گرفتار کیا گیا اس وقت وہ کینیڈین سرحد سے نصف کلومیٹر کی دوری پر تھے جہاں سے مہاجرین کے گروپ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں کی ’عارضی شناخت‘ ہو گئی ہے اور وہ اسی گروپ کے ساتھ تھے جس کو گرفتار کیا گیا. تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ مرنے والے کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ کہاں سے ہجرت کر کے آ رہے تھے.

قبل ازیں کینیڈین صوبے مینیٹوبہ کی اسسٹنٹ کمشنر جین میکلیچی نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ وہ ان افراد کو ’متاثرین‘ سمجھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار کرنے کی اس قسم کی کوشش پر سخت تشویش ہے جس میں بچے سمیت ان افراد کو منفی 35 درجہ حرات میں برفانی تودوں کے درمیان چھوڑ دیا گیا.

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے