انڈین را کے چھوٹے گروپ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث: وزیر داخلہ
Reading Time: < 1 minuteوزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغانستان میں این ڈی ایس اور انڈیا کی را کو شکست ہوئی جس کے بعد ان کے چھوٹے گروپ پاکستان میں دہشت گردی کی فضا بنانا چاہتے ہیں مگر ان کو شکست فاش ہوگی۔
سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’طالبان نے گارنٹی دی ان کی سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔ ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے بات ساتھ طالبان کے ذریعے ہوئی۔ ٹی ٹی پی کی شرائط ایسی ہیں جنہیں قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان والے اگر قانون کے دائرے میں نہ آئے اور اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو ان سے لڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر وہ آئین، قانون اور پاکستان کے جھنڈے تلے آنا چاہتے تو ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ اگر وہ لڑیں گے تو ان سے لڑا جائے گا۔ آج وہاں وہ حالات نہیں ہے جو پہلے تھے۔ آج وہاں طالبان ہیں ان کی انسانی مدد کے لیے عمران خان خود ہر ملک اور او آئی سی سے رابطے میں ہیں۔‘