پاکستان

مہنگائی مجھے راتوں کو جگاتی ہے: وزیراعظم عمران خان

جنوری 23, 2022

مہنگائی مجھے راتوں کو جگاتی ہے: وزیراعظم عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے لانگ مارچ سے کچھ نہیں ہوگا کیونکہ عوام ان کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عوام کو یا تو ذوالفقار علی بھٹو نے نکالا تھا اور اس کے بعد میں نے نکالا تھا۔ میں چار بار مینار پاکستان کو عوام سے بھرا۔ اپوزیشن اپنی چوری بچانے کے لیے نکل رہی ہے۔‘

عمران خان نے اپوزیشن کو مخاطب کر کے کہا کہ ’میں آپ کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اگر میں حکومت سے نکل گیا تو آپ کے لیے چھپنے کی جگہ نہیں بچے گی، میں ان کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا۔‘

اتوار کو وزیراعظم ہاؤس سے عوام کے سوالات کے براہ راست جواب دینے کے پروگرام کے دوران عمران خان نے کہا کہ وہ حکومت سے نکل گئے تو اپوزیشن والوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ’ایک ہی چیز ہے جو مجھے راتوں کو جگاتی ہے اور وہ مہنگائی ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’میں نے پچھلے دنوں ریاست مدینہ پر اخباروں کے لیے مضمون لکھا۔ مخالفین نے کہا کہ یہ مذہب کے پیچھے چھپ رہا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’ہماری پارٹی کے منشور میں لکھا ہے اسلامی فلاحی ریاست بنانی ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمارے ہاں صحافیوں کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو پاکستان کی صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرتی ہے لیکن بدقسمتی سے ایسے بھی صحافی ہیں جو ہر وقت مایوسی پھیلاتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارا میڈیا متوازن رپورٹنگ کرے اور عوام کو بتائے کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں ہے۔ دیگر ملکوں میں بھی مہنگائی ہو رہی ہے۔ کورونا سے ساری دنیا متاثر ہوئی ہے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے۔ ہم اس دنیا کا حصہ ہیں، جو چیز ہم امپورٹ کرتے ہیں اس کی قیمت اوپر چلی جاتی ہے۔ میں دیکھ رہا تھا کہ شاید تیل کی قیمت اور بھی اوپر جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ’ میں واضح کہتا ہوں کہ ملک کو لوٹنے والے چور نہیں ڈاکو ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ این آر او دیا تو ملک سے غداری ہوگی۔ مشرف نے دو بڑے خاندانوں کی چوری معاف کر کے بڑا ظلم کیا۔‘ 

عمران خان نے کہا کہ ’کارپوریٹ سیکٹر میں 930 ارب کا منافع ہوا۔ انہیں چاہیے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔‘ 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے