اسرائیلی صدر امارات میں، تعلقات کی مضبوطی پر زور
Reading Time: < 1 minuteاسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے متحدہ عرب امارات کے پہلے دورے کے موقع پر مشرق وسطیٰ کے ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرزکے مطابق اتوار کو اسرائیلی صدر کے دفتر نے کہا کہ وہ خطے میں تناؤ کے صورت حال میں خلیجی ممالک سے مضبوط روابط قائم کرنا چاہتے ہیں۔
اسرائیل کے صدر ہرزوک نے کہا کہ’شہزادہ شیخ محمد بن زاید کی ذاتی دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کروں گا۔‘
’میں ان کے لیے نیک تمنائیں رکھتا ہوں اور ان کے حوصلے اور بے باک قیادت کا شکر گزار ہوں کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں کے ذریعے پورے خطے میں انہوں نے یہ پیغام بھیجا کہ خطے کے عوام کے لیے صرف امن ہی متبادل ہے۔‘
واضح رہے کہ اسرائیل میں صدر کے عہدے کا کردار زیادہ تر رسمی ہی ہے۔ اسرائیل کے صدر سے قبل دسمبر میں وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے بھی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔
سنہ 2020 میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے امریکہ کی ثالثی میں وائٹ ہاؤس میں امن کے لیے اسرائیل کے ساتھ ’ابراہام ایکورڈز‘ نامی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
متحدہ عرب امارات اور بحرین خطے میں ایران اور اس کے اتحادیوں سے متعلق مشترکہ طور پر خدشات کا اظہار کرتے ہیں۔
منگل کو اسرائیلی رہنما کی جانب سے جاری ایک خط کے مطابق اسرائیل نے 18جنوری کو یمن کے ایرانی پشت پناہی کے حامل حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات کو سکیورٹی اور اینٹیلی جنس کے حوالے مدد کی پیشکش بھی کی تھی۔