اہم خبریں عالمی خبریں

روسی صدر یوکرین پر حملے کا فیصلہ کر چکے: امریکہ

فروری 19, 2022 2 min

روسی صدر یوکرین پر حملے کا فیصلہ کر چکے: امریکہ

Reading Time: 2 minutes

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن یوکرین پر حملے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور روسی افواج یوکرینی دارالحکومت تک پہنچیں گی۔

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ’اس وقت مجھے یقین ہے کہ روس نے فیصلہ کر لیا ہے۔ ہمارے پاس اس پر یقین کرنے کی وجہ ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہ حملہ آنے والے چند دنوں میں ہو سکتا ہے۔ 

امریکی صدر کا بیان ماسکو کے حمایت یافتہ باغیوں کی جانب سے شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کے بعد آیا ہے، جس کو مغرب حملے کے اشارے کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

جمعے کو ایک انسانی امداد کا قافلہ سرحدی علاقے میں شیلنگ کی زد میں آیا۔ اسی طرح مشرقی شہر ڈونیسٹک میں بھی ایک دھماکہ ہوا تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں آئی۔

چند ہفتے قبل امریکہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسے یقین نہیں ہے کہ پوتن نے حملے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم اب امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹس پر بائیڈن انتظامیہ نے اپنے اندازے کو تبدیل کر لیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے جمعے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا تھا کہ روس کی 40 سے 50 فیصد سے زائد فوجی اس وقت حملہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدھ سے یوکرین کے بارڈر کے قریب موجود روسی فوجیوں کی نقل و حرکت میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’40 سے 50 فیصد تک فوجی حملے کی پوزیشن میں ہیں اور 48 گھنٹے کے دوران جنگی حکمت عملی کے تحت تیاری پکڑ چکے ہیں۔

اگرچہ روس کی جانب مغربی خدشات کی تردید کی جاتی رہی ہے تاہم روسی پارلیمنٹ کی جانب سے روسی صدر سے اپیل کی گئی ہے کہ خود ساختہ جمہوریتوں ڈونیسٹک اور لوگانسک کو تسلیم کیا جائے، جس کے بعد خطرے کی گھنٹی بج اٹھی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے