وفاقی وزیر نے شیخ رشید کو دورِ طالبعلمی میں کس سے پیسے لینے کا طعنہ دیا؟
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو کالج کے دور میں چودھری برادران کے بزرگوں سے رقم اینٹھنے کا طعنہ دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی وسائل مونس الہیٰ نے اپنے کابینہ کے ساتھی کو اُن کو ماضی اور طالب علمی کا دور یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں شیخ رشید صاحب کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں کہ اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے جناب اپنی سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لیا کرتے تھے۔‘
مونس الہیٰ کو یہ یاد دہانی اس لیے کرانی پڑی کیونکہ سنیچر کو شیخ رشید نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی سیاست میں ق لیگ کے کردار پر تنقید کی تھی۔
شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ’میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں چٹان کی طرح، میں ان لوگوں کی طرح نہیں ہوں، پانچ پانچ ووٹ ہیں اور صوبے کی چیف منسٹری کے لیے بلیک میل کر رہے ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی بات کر رہے ہیں؟ تو جواب میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کی سیاست کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف حکومت کی اتحادی جماعت کے رہنما اور وفاقی وزیر کی جانب سے وزیر داخلہ کے بیان پر یہ ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مسلم لیگ ق نے تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کا ساتھ دینے یا نہ دینے کے فیصلے کا اعلان ابھی تک نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ ق لیگ کے پاس قومی اسمبلی میں پانچ نشستیں ہیں۔

