لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب 23 مارچ کو ہی ہوگا: پی ڈی ایم
Reading Time: < 1 minuteپاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا۔
متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک پر جلسے کرنے کا اعلان کرکے حکومت آئین شکنی اور فساد کی راہ اپنا چکی ہے۔ ’اس لیے میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ پی ڈی ایم نے جس لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا وہ 23 مارچ کو ہوگا۔‘
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ’23 مارچ کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے اور 24 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد پہنچ کر فیصلہ ہوگا کہ کب تک اسلام آباد میں رہنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ’پارلیمان کے سامنے شاہراہ دستور پرعوامی قوت کا شاندار مظاہرہ ہوگا اور اراکین اسمبلی کو پرامن ماحول میں اپنی رائے کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔‘
اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سناتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ’وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد قومی مفادات کی امین اور 22 کروڑ عوام کی امنگوں وخواہشات کی مظہر ہے۔ اس آئینی اقدام کا دستوری، قانونی، پارلیمانی اور جمہوری دائرے میں رہ کر سامنا کرنے کے بجائے نااہل وزیراعظم اور ان کی حکومت آئین شکنی اور فساد کی راہ اپنا چکی ہے۔ ارکان قومی اسمبلی کو ایوان میں آنے سے روکنے کی کھلے عام دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ڈرانے، دھمکانے اور دباﺅ میں لانے کے ہتھکنڈے کے طور پر ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا حکومت اعلان کرچکی ہے۔‘