سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست نے ہر ٹھیکے میں رشوت لی: علیم خان
تحریک انصاف کے منحرف رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان نے بہت رشوت لی یے. فرح کس کو حصہ دیتی رہی، اور کس کو بچاتی رہی، یہ سب تحقیقات میں سامنے آجائے گا. جن بیوروکریٹ کریٹ نے پیسے دیے وہ سب یہیں ہیں، فرح اور اس کا شوہر ملک سے بھاگ گئے ہیں۔
علیم خان سے پوچھا گیا کہ بزدار کی حکومت میں کریشن کے پیچھے کون تھا؟ یہ کہا جاتا رہا کہ خاتون اوّل بشریٰ بی بی کو بھی حصہ جاتا رہا؟
ان کا جواب تھا کہ: دیکھیں میں نام نہیں لینا چاہتا، خان صاحب کی فیملی کا میں نام نہیں لینا چاہتا، خان صاحب کے گھر والوں کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، فرح بی بی نے یہاں بہت رشوت لی ہے، وہ ہر ٹھیکے میں وہ موجود تھیں، وہ ہر ٹرانسفر، پوسٹنگ میں موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ فرح خان پاکستان سے باہر نکل گئی ہیں، دو دن پہلے انہوں نے ملک چھوڑا۔ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان سے بھاگ چکی ہیں۔
علیم خان نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ان کی جتنی بھی چیزیں تھیں وہ یہاں سے سمیٹ کر جا چکی ہیں۔ اس میں سے کس کو کتنا مال جاتا ہے اس کی جب تفتیش ہوگی تو پتا چل جائے گا وہ تمام بیوروکریٹس پاکستان میں ہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جتنے پیسے لیتے رہے ہیں وہ عوام کے سامنے آ جائے گا۔ سب پتا چل جائے گا، جس دن تحقیقات ہوں قوم اصلی چہرہ دیکھ لے گی۔

