سکیورٹی پر عسکری قیادت اپوزیشن کو اعتماد میں لے: مولانا فضل الرحمان
پاکستان میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف اسمبلی کی اکثریت عدم اعتماد کر چکی ہے اور وہ اس ملک کے قانونی وزیراعظم نہیں رہے۔
پیر کو رات گئے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدر اور عمران خان آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں، اب آئین کا تقاضہ ہے کہ آرمی چیف اور سیکیورٹی ادارے انہیں مزید بطور وزیراعظم کے طور پر ڈیل نہ کریں۔
مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ سفیر کے کیبل اور سیکیورٹی کے دیگر معاملات پر عسکری قیادت اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیکیورٹی کی بریفنگ کے قانونی مستحق اب عمران خان نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ وہ حکومت کی طرف سے سفیر کے کیبل کے ڈرامے کی حقیقت واضح کرنے کے لیے ڈی جی آئی ایس آئی کو بلا کر بریفنگ لے کہ حقیقت کیا ہے اور جھوٹ کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک ایک منٹ ملک کے لیے بھاری ثابت ہو رہا ہے، اس ڈرامے کا ڈراپ سین فوراً ہو جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صدرمملکت اور عمران خان آئین پاکستان کی نفی کر رہے ہیں۔

