بلدیاتی الیکشن کے نتائج تحریک انصاف کی مقبولیت بڑھنے کے دعوے کی نفی کیسے کرتے ہیں؟
خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کی چار تحصیلیں ہیں جن میں ایبٹ آباد، حویلیاں، لورہ اور لوئر تناول شامل ہیں۔
حالیہ بلدیاتی الیکشن میں ان چار تحصیلوں میں سے دو میں تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے، ایک میں ن لیگ جبکہ ایک تحصیل میں آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
ضلع ایبٹ میں میں پول کیے گئے ووٹوں کی شرح 55 فیصد کے لگ بھگ رہی۔ ان چار تحصیلوں میں تحریک انصاف نے کُل ایک لاکھ 46 ہزار 859 ووٹ لیے جبکہ پی ٹی آئی کے مخالفین نے مجموعی طور پر دو لاکھ ہزار 966 ووٹ حاصل کیے۔
ان ووٹوں کو تحصیل کی سطح پر تفصیل کچھ یوں ہے:
تحصیل ایبٹ آباد میں ووٹرز کی کُل تعداد پانچ لاکھ 91 ہزار 650 ہے۔ یہاں تین لاکھ 13 ہزار 886 ووٹ پول ہوئے جن میں سے 17 ہزار 626 مسترد کیے گئے۔ پولنگ کی شرح 53 فیصد رہی۔
تحریک انصاف کے امیدوار نے ایک لاکھ 4 ہزار 750 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔ ان کے مدمقابل ن لیگ کے امیدوار کو 86 ہزار 256 ووٹ ملے۔
یہاں تین آزاد امیدواروں نے 28 ہزار 372 ووٹ لیے۔ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو 14 ہزار 234 ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی نے 12 ہزار 905، جماعت اسلامی نے 24 ہزار 641، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 13 ہزار 366، پاکستان عوامی تحریک نے آٹھ ہزار 272 اور جے یو آئی (س) نے ایک ہزار 160 ووٹ لیے۔
اس طرح اس تحصیل میں پی ٹی آئی کے خلاف ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 246 ہزار ہے۔
تحصیل حویلیاں میں کل ووٹرز ایک لاکھ 66 ہزار 162 ہیں جبکہ کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی تعداد 81 ہزار 433 رہی۔ اس طرح پولنگ کی شرح 52 فیصد سے زیادہ تھی۔ ان میں سے پانچ ہزار 444 ووٹ مسترد کیے گئے۔
یہاں آزاد امیدوار 31 ہزار 821 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔ ن لیگ نے 19 ہزار 312 اور پی ٹی آئی نے 16 ہزار 249 ووٹ لیے۔ تحریک لبیک نے دو ہزار 80، جماعت اسلامی نے دو ہزار 72، جے یو آئی نے ایک ہزار 924 اور دیگر آزاد امیدواروں نے پانچ ہزار 804 ووٹ لیے۔
اس تحصیل میں تحریک انصاف کے خلاف 63 ہزار 13 ووٹ ڈالے گئے۔
ایبٹ آباد کی تیسری تحصیل لورہ میں کل رجسٹرڈ ووٹرز 81 ہزار 196 ہیں جن میں سے 44 ہزار 967 ووٹ پول ہوئے۔
ان میں سے دو ہزار 555 ووٹ مسترد کیے گئے۔ پولنگ کی شرح 55 فیصد رہی۔
یہاں ن لیگ کے امیدوار نے 17 ہزار 567 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی نے 15 ہزار 854 ووٹ لیے۔ جماعت اسلامی نے چار ہزار 665 ووٹ لیے۔ راہ حق پارٹی نے تین ہزار 147 جبکہ ٹی ایل پی نے دو ہزار 217 ووٹ حاصل کیے۔ جے یو آئی نے 943، ریپبلک پارٹی نے 214 اور آزاد امیدواروں نے 360 ووٹ لیے۔
اس تحصیل میں تحریک انصاف کے خلاف 29 ہزار 113 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
ایبٹ آباد کی تحصیل لوئر تناول میں ووٹرز کی کُل تعداد 62 ہزار 823 ہے۔ یہاں 29 ہزار 95 ووٹ پول ہوئے جن میں سے ایک ہزار 495 ووٹ مسترد کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 27 ہزار 600 ووٹ درست قرار دیے گئے جن میں سے تحریک انصاف کے امیدوار نے 10 ہزار چھ ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔
ن لیگ نے چار ہزار 690 اور پیپلز پارٹی نے تین ہزار 187 ووٹ لیے۔ اس حلقے میں چار آزاد امیدواروں نے نو ہزار 164 ووٹ حاصل کیے جبکہ تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کو 553 ووٹ ملے۔
اس طرح اس تحصیل میں تحریک انصاف کے خلاف پڑنے والے ووٹوں کی تعداد 17 ہزار 594 ہے۔
دیگر اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے ووٹوں کی شرح کی تفصیلی رپورٹس سلسلہ وار پیش کی جائیں گی.

