امپورٹڈ حکومت تسلیم نہیں، قوم باہر نکلے: وزیراعظم کا آخری خطاب
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اقتدار سے نکالے جانے کے بعد امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔
جمعے کی رات قوم سے خطاب میں انہوں نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے اتوار کو عشا کے بعد باہر نکلنے اور احتجاج کرنے کے لیے کہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’میں جدوجہد کے لیے تیار ہوں، پرسوں اتوار کو عشا کے بعد سب نے نکلنا ہے اور زندہ قوم کی طرح احتجاج کرنا ہے، پرامن احتجاج کرنا ہے توڑ پھوڑ نہیں کرنی۔ باہر سے لائی جانے والی حکومت کے خلاف نکلنا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’تاریخ کبھی کسی کو معاف نہیں کرتی۔ سپریم کورٹ کے کون سے فیصلے اچھے اور کون سے اس ملک کے لیے نقصان دہ، وہ سب کے سامنے ہیں اور تاریخ کسی کو معاف نہیں کرتی۔ کسی صورت امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا۔‘

