عالمی خبریں

متحدہ عرب امارات کی ویکسین نہ لگوانے والوں کو بھی بیرون ملک سفر کی اجازت

اپریل 14, 2022 3 min

متحدہ عرب امارات کی ویکسین نہ لگوانے والوں کو بھی بیرون ملک سفر کی اجازت

Reading Time: 3 minutes

متحدہ عرب امارات نے غیر ویکسین شدہ شہریوں کے لیے نئے ٹریول پروٹوکول کا اعلان کیاجو 19 اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔

متحدہ عرب امارات حکومت کی کووڈ 19وبا کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) کے ترجمان ڈاکٹر طاہر العامری نے کہا کہ نیا پروٹوکول ملکی پالیسی کے مطابق ہے جس کا مقصد پائیدار بحالی اور معمول کے حالات کی جانب واپس آنا ہے،پروٹوکول کے تحت سفر سے 24 گھنٹے پہلے کرائے گئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کاسرٹیفیکیٹ پیش کرنے پر ایسے شہریوں کو سفر کی اجازت ہوگی جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی۔ایسے افراد کوالحصن ایپ پر سفری درخواست فارم مکمل کرنا ہوگا تاکہ ان کی حیثیت کو سبز رنگ میں تبدیل کیا جا سکے۔

انہوں نےعوام سے گزارش کی کہ وہ سفر سے پہلے اور بعد میں سفرکے لیے ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سفر کے مقامات پر وبا سے متعلق موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ مشتبہ انفیکشن کی صورت میں بیرون ملک سفارتی مشنز سے رابطہ کریں، اوروزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون کی طرف سے فراہم کردہ التواجودی سروس استعمال کریں۔

ڈاکٹر العامری نے متحدہ عرب امارات آنے والے مسافروں کے لیے ٹریول پروٹوکول کی اپ ڈیٹس پر روشنی ڈالی، جس کے تحت 16 سال سے کم عمر کے غیر ویکسین شدہ افراد کو آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کے منفی نتائج پیش کرنے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، بشرطیکہ وہ تمام متعلقہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

متحدہ عرب امارات میں حالیہ دنوں میں کووڈ19 کی وبامیں نمایاں کمی آئی ہے، جس کی بنیادی وجہ صحت کے شعبے اور متعلقہ قومی اداروں کی کوششیں ہیں.

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اداروں کے درمیان تعاون اور کمیونٹی کی مدد سے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

بحرانوں پر قابو پانے اور بحالی کے حصول کی جانب کمیونٹی ارکان کے تعاون کو بہترین طریقہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کا تحفظ عوام کے عزم پر منحصر ہے۔

ڈاکٹر العامری نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ متحدہ عرب امارات وبا سے نمٹنے کے لیے بہترین طریقوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے اور کووڈ19 کی تمام مقامی اور بین الاقوامی اقسام کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ ایک فعال ردعمل کا منصوبہ تیارکیا جا سکے جس کی بنیاد پرایک نیا طرز زندگی تشکیل دیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وبائی بحران کے خلاف اقدامات پر مبنی ردعمل جاری ہے اور یہ کہ ملکی ادارے پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں،متحدہ عرب امارات ہمیشہ ہر ایک کی صحت اور حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنی ملکی کامیابیوں اور معیار زندگی کا تحفظ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”آور ورلڈ ان ڈیٹا” ویب سائٹ کی طرف سے جاری کردہ انڈیکس میں، 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے ممالک میں کووڈ19 کے خلاف اپنے شہریوں کی مکمل ویکسی نیشن کی شرح کے لحاظ سے متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی انڈیکس کے مطابق متحدہ عرب امارات فی 1ہزار افراد کے ٹیسٹوں کی تعداد کے لحاظ سے عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر اور فی 100 افراد ویکسین لگائے جانے والے افراد کی شرح کے لحاظ سے چوتھے اور ساتھ ہی ان لوگوں کی شرح کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جنہوں نے کم از کم ویکسین کی ایک خوراک لگوائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں کووڈ 19 کے ٹیسٹوں کی تعداد کے لحاظ سے دسویں نمبر پر ہے اور سب سے کم اموات کے لحاظ سے نویں نمبر پر ہے اور یہ کہ 8 مارچ کے بعد سے ملک میں وبا سے کسی شخص کا انتقال نہیں ہوا۔

ڈاکٹر العامری نے کہا کہ کووڈ19 کے تازہ ترین اعدادوشمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ملک بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور کیسز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے ہرشہری پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہے، چہرے کا ماسک پہنیں، سماجی دوری پر عمل پیرا رہتے ہوئے ہاتھوں کی صفائی رکھیں اور پرہجوم علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے