عالمی خبریں

امریکہ کا پاکستان کی فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق

اپریل 15, 2022 2 min

امریکہ کا پاکستان کی فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق

Reading Time: 2 minutes

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کرنے کو تیار ہے اور سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پاکستان کی سیاسی صورت حال سے متعلق سوالوں جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

عمران خان کے الزامات پر نیڈ پرائس نے کہا کہ ’اس معاملے پر ہمارا پیغام ایک ہی ہے اور واضح ہے۔ ان الزامات کی کوئی حقیقت نہیں۔ ہم جمہوری و آئینی اصولوں کی بالادستی کے پرامن عمل کے حامی ہیں۔‘

نیڈ پرائس کی توجہ پاکستان کی فوج کے ترجمان کی پریس کانفرنس کے اس بیان کی جانب دلائی گئی کہ ’فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ امریکہ نے کوئی دھمکی دی یا عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے کوئی سازش کی۔‘ تو ان کا جواب تھا کہ ’ہم اس کے ساتھ اتفاق کریں گے۔‘

محمکہ خارجہ کی پریس بریفنگ میں ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ’ہم نے شہباز شریف کو پاکستانی پارلیمان سے منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور ہم ان کے ساتھ اور ان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔‘

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان 75 برس سے اہم نوعیت کے تعلقات قائم ہیں۔ ’ہم خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی حکومتوں کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بھی کہا تھا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ دیرپا، مضبوط اور اہم سکیورٹی تعلقات ہیں اور یہ نئی قیادت  کے ساتھ بھی جاری رہیں گے۔

سوموار کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ کے دوران ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا جو بائیڈن پاکستان کے نئے وزیراعظم کو فون کریں گے؟

سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا تھا کہ ’میں اس بارے میں اس وقت کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتی۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے