پاکستان

سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب: فوجی ترجمان

مئی 12, 2022

سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب: فوجی ترجمان

پاکستان کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔

جمعرات کو ایک بیان میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخارنے کہا کہ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے پشاور کور دو دہایئیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔ پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔ ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔ اس لیے سینیئر قومی سیاسی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ادارے کے خلاف ایسے متنازع بیانات سے اجتناب کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پشاور کے کور کمانڈر کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر افتخار بابر نے کہا کہ ’جلد الیکشن کا فیصلہ سیاست دانوں نے کرنا ہے فوج کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیاست دان اس قابل ہیں وہ بیٹھ کر بہتر طریقے سے فیصلہ کرسکتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جب بھی فوج کو کسی سیاسی معاملے میں بلایا گیا تو معاملہ متنازع ہو جاتا ہے۔ سیاست دان الیکشن کا فیصلہ بیٹھ کر ہی کر سکتے ہیں۔ الیکشن کے دوران سیاست دان فوج کو سیکیورٹی کے لیے بلائیں گے تواپنی خدمات پیش کریں گے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے