میجر جنرلز کے ناموں سے منسوب پی ٹی آئی کے دو جعلی اکاؤنٹس بلاک
پاکستان میں فوج کی میڈیا مینجمنٹ سے منسلک افراد نے میڈیا کو ایک بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ فوج کے اعلیٰ افسران کے نام سے جعلی اکاؤنٹس چلانے والے دو لوگ پکڑے گئے ہیں۔
فوج کی طرف منسوب نہ کیے جانے کی درخوست کے ساتھ بھیجی گئی اس خبر میں بتایا گیا ہے کہ میجرجنرل فیصل مشتاق اور میجر جنرل اصغر کے ہینڈل سے چلائے جانے والے اکاؤنٹس جعلی نکلے۔
بیان کے مطابق جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ فوج کے سینیئر آفیسرز کے جعلی اکاؤنٹس سے ایک خاص سیاسی بیانیہ بنایا جا رہا تھا اور تاثر یہ دیا جا رہا تھا کہ فوج کے اندر سے کسی ایک خاص جماعت کی حمایت کی جا رہی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے دونوں اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے اور ان جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
عسکری حکام کی جانب سے جاری کیے اس بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ملزمان کا تعلق کس جماعت سے ہے تاہم مذکورہ فوجی افسران سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹس مسلسل تحریک انصاف اور عمران خان کی حمایت میں پروپیگنڈہ کر رہے تھے۔

