عمران خان کے دورہ روس کی سزا پاکستان کو دینا ناانصافی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے دورہ روس کی سزا پاکستان کو دینا ناانصافی ہو گی۔
جمعرات کو نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کیا اور کہا کہ ایسا انہوں نے خارجہ پالیسی کے تحت ہی کیا تھا۔
’کسی کو علم نہیں تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کا آغاز ہو جائے گا۔‘
انڈیا کے ساتھ تعلقات اور مذاکرات بحال ہونے کے امکان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کے ساتھ بات چیت کا امکان بہت کم ہے اور اُس کے زیراہتمام کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔‘
نئی حکومت میں بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے چند ہفتے بعد ہی اقوام متحدہ کا دورہ کر ہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے ملک جس نے جموں اینڈ کشمیر میں نسل پرستانہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے، اس کے ساتھ معاملات طے کرنا خاصا مشکل ہے۔
’ہم اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ اقتصادی سرگرمیاں، مذاکرات اور سفارت کاری ہی وہ ذرائع ہیں جو ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مشغول رکھتے ہیں اور تنازعات کے حل کا ذریعہ بھی ہوتے ہیں۔‘

