عمران خان کے مریم نواز کے بارے میں جملے پر سخت عوامی ردعمل
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیکھو میرا اتنا نام نہ لو، یہ نہ ہو تمہارا خاوند ناراض ہو جائے۔
ملتان جلسے میں عمران خان کے خطاب کے دوران کہے گئے ان الفاظ پر اُن کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبوی کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
شہباز شریف نے عمران خان کے بارے میں کہا کہ تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بدتہذیبی کے اس پاتال میں جا گرا ہے۔ قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا۔
پریس ریلیز
اسلام آباد
سابق صدر آصف علی زرداری نے مریم نواز کے حوالے سے عمران خان کےنازیبا زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن عزت داروں کے گھروں میں مائیں بہنیں ہوں وہ اس طرح کی زبان نہیں استعمال کرتے.
ان کا کہنا تھا کہ خدارا اس سیاست میں اتنے نیچے نہ گر جائیں، مائیں بہنیں بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں.
یہ ہی پیغام بی بی شہید چھوڑ کر گئیں ہیں. کاش اب بھی کوئی چیف جسٹس کو پرسنل آبزرویشن کا خط لکھے اور وہ نوٹس لیں.
ٹوئٹر پر صارفین نے کہا کہ اب پتا چلا کہ علی امین گنڈاپور اور فیاض الحسن چوہان کہاں سے ہدایات لے کر بولتے تھے۔
لندن سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ردعمل میں کہا کہ مخالفین کی ماؤں، بہنوں کے بارے میں بدکلامی کرنے والا ننگ ِ وطن عمران وہ بدبخت ہے جس پر شیاطین اترتے ہیں.
انہوں نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کر کے کہا کہ تم یقیناً تباہی کی راہ پر ہو. گواہ رہنا ! یاد رکھنا !تم گمراہی کے راستے پر ہو، اسی راہ پر اپنے منطقی انجام تک پہنچو گے.
صارف تنزیل گیلانی نے عمران خان کے بیان کلپ شیئر کرتے ہوئےلکھا کہ یہ انسان یہ باتیں کر کے اللہ ہُو کے گانے اور امر بلمعروف کا ورد کرواتا ہے جلسوں میں. یہ انسان نہیں ہے, یہ ہمارے گناہوں کی سزا ہے.

