لانگ مارچ اگلے ہفتے، تاریخ کا اعلان اتوار کو ہوگا: عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آغاز 25 اور 29 مئی کے درمیان کسی دن ہوگا، حتمی تاریخ کا اعلان اتوار کو کیا جائے گا۔
جمعے کو ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’آج لوٹوں کو ڈی سیٹ کیا گیا ہے لہذا میں نے اتوار کو پشاور میں کور کمیٹی کو بلایا ہے جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ پرسوں واضح کر دوں گا تاکہ تیاری کا وقت مل جائے۔‘
عمران خان نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو ایک نظام تباہ کرتے ہیں وہ اسے ٹھیک نہیں کر سکتے۔ ’اب حکومت مل گئی ہے تو کیوں ملک نہیں سنبھل رہا؟ کبھی لندن بھاگتے ہیں جہاں ایک سزا یافتہ ہے جو فیصلے کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جلد سے جلد قوم کو الیکشن کی تاریخ دو اور اسمبلیاں تحلیل کر دو۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ملک کی فکر نہ ہو تو میں چاہوں گا ان کی حکومت چند ماہ اور چلے تاکہ یہ اور ذلیل ہوں۔ سیاست کا سوچیں تو ہم یہ کہیں گے یہ حکومت چلے لیکن ہم پاکستان کا سوچ رہے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’دنیا میں کوئی انقلاب اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتا جب تک اس قوم کے نوجوان اور خواتین انقلاب میں شرکت نہیں کرتیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ جلسے میں آتے ہوئے بار بار یہ پیغام آیا کہ ’آپ کی جان خطرے میں ہے بلٹ پروف شیشہ لگوا لو۔ جو کرکٹر ہارنے سے ڈرتا ہے اسے جیتنا نہیں آتا، کسی فوجی نے آج تک تمغے نہیں لیے جو موت سے ڈرتا ہو۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’کرپٹ اور بزدل حکمرانوں نے ہمیں خوف دلوایا ہوا ہے۔ کہا جاتا ہے جب تک امریکہ کے جوتے پالش نہیں کرو گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان لوگوں نے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیکے اور پاکستان کی آزادی کو قید کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ کبھی لانگ مارچ، ذاتیات، بلیک میلنگ گھٹیا زبان استعمال کی گئی، انہوں نے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی کیسز بھی بنوائے۔ ان کے کیسز معاف کرتا تو میں انصاف کی تحریک چلانے نہیں آیا۔‘

