پاکستان

اراضی ریکارڈ گڑبڑ کیس، شیریں مزاری اسلام آباد میں گرفتار

مئی 21, 2022

اراضی ریکارڈ گڑبڑ کیس، شیریں مزاری اسلام آباد میں گرفتار

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو پنجاب کے ضلع راجن پور کی 40 ہزار کنال اراضی کے ریکارڈ میں گڑبڑ کرنے کےکیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے.

شیریں مزاری کی بیٹی کے مطابق ان کی والدہ کو مار پیٹ کر کے گرفتار کیا گیا.

ایمان زینب مزاری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’مرد پولیس افسران نے میری والدہ کو مارا اور پکڑ کر لے گئے۔ مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ونگ لاہور نے ان کو حراست میں لیا ہے۔‘

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمان مزاری نے کہا کہ ’غنڈوں کی طرح ایک عورت کو آج اٹھایا گیا نہ اس کے خاندان کو کچھ بتایا گیا تو اگر اس قسم کی حرکتیں کرنی ہیں تو میں اس حکومت کو وارننگ دیتی ہوں کہ میں اس کے پیچھے آؤں گی۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’میری والدہ کو اس حکومت کی جانب سے جبراً لاپتا کیا گیا مجھے نہیں معلوم وہ کہاں ہیں۔ میری والدہ کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا ہے۔‘

حکام کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد سے شیریں مزاری گرفتار کیا جو کہ اسی مقصد کے لیے اسلام آباد آئی تھی۔

پنجاب میں ن لیگ کے ترجمان ملک احمد خان نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کو گرفتار کرنے کی ہدایات عدالت نے دیں.

ملک احمد خان کے مطابق ‏شیریں مزاری کے خلاف فراڈ، ٹمپرنگ اور جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے.

ملک احمد خان نے کہا کہ شیریں مزاری کو چاہیے کہ ان دفعات کا جواب دیں.

ادھر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس پر سابق وزیراعظم عمران خان اس معاملے پر بات کریں گے۔

سنیچر کو اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا اسلام آباد ہائی کورٹ میں حبس بیجا کی پٹیشن دائر کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی قیادت کی مزید گرفتاریوں سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ خاتون اہلکاروں کی عدم موجودگی میں مرد اہلکاروں نے شیریں مزاری کو گرفتار کیا جو خلاف قانون ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے